امریکہ میں مسلسل تیسرے روز میں ریکارڈ یومیہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد زیرِ علاج متاثرہ افراد کی تعداد 57 لاکھ 73 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ کی ‘جان ہاپکنز یونی ورسٹی’ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں ایک لاکھ 27 ہزار 399 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جو ایک دن میں سامنے آئے والے ریکارڈ کیسز ہیں۔ اس سے ایک روز قبل بھی ریکارڈ یومیہ کیسز ایک لاکھ 26 ہزار 480 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔ جب کہ اس سے ایک دن پہلے ایک لاکھ 21 ہزار 888 کیسز کا اندراج ہو تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار روز میں مسلسل ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ میں اب تک 98 لاکھ 61 ہزار 983 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ‘جان ہاپکنز یونی ورسٹی’ کے اعداد و شمار کے مطابق متاثر افراد میں سے 38 لاکھ 51 ہزار 465 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار 123 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 40 اموات ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ وبا سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔













