عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہیم گیبریاسس کا کہنا ہے کہ ‘کووڈ 19’ کا سبب بننے والا کرونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ کرونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد اور ان ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں وبا کے باعث عائد کردہ پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے سوئٹزر لینڈ میں قائم ہیڈ کوارٹر میں جمعے کو بریفنگ کے دوران ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا ویرینٹ، کرونا وائرس کو سب سے تیزی سے پھیلانے والا ویرینٹ ہے۔ جس کی تشخیص 85 ممالک میں کی گئی ہے۔
ٹیڈروس کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر سے رپورٹ کیے جانے والے کیسز میں مسلسل آٹھویں ہفتے کمی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم کیسز میں کمی کی رفتار اب کم ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افریقہ میں کرونا کیسز اور اموات میں لگ بھگ 40 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک نے وبا کے باعث عائد کردہ پابندیوں میں نرمی کی ہے، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں وائرس کی منتقلی میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹیڈروس کے بقول زیادہ کیسز کا مطلب ہے کہ اسپتالوں، طبی عملے اور طبی نظام پر زیادہ دباؤ۔ جس کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہوتا ہے۔













