امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ریاستوں میں کرونا ویکسین پیر کی صبح پہنچنا شروع ہو جائے گی۔ ابتداً لگ بھگ 30 لاکھ خوراکیں ملک بھر میں پہنچائی جائیں گی۔
امریکی دوا ساز کمپنی ‘فائزر’ اور جرمن کمپنی ‘بائیو این ٹیک’ کے اشتراک سے بنائی گئی کرونا ویکسین کی منظوری فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جمعے کو دی تھی۔
خیال رہے کہ اس عالمی وبا سے امریکہ میں لگ بھگ تین لاکھ افراد ہلاک اور ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے ‘آپریشن وارپ اسپیڈ’ کے تحت ویکسین ڈویلپمنٹ پروگرام سے منسلک جنرل گسٹو پڑنا کا ہفتے کو کہنا تھا کہ شپنگ کمپنیز ‘یو پی ایس’ اور ‘فیڈ ایکس’ کے ٹرک پیر کو مختلف ریاستوں میں قائم لگ بھگ 150 ڈسٹری بیوشن سینٹرز میں ویکسین پہنچائیں گے۔
جنرل پڑنا کا مزید کہنا تھا کہ 425 سینٹرز میں منگل جب کہ 66 سینٹرز کو بدھ تک ویکسین پہنچا دی جائے گی۔
اگرچہ طبی عملے اور نرسنگ ہومز کے عملے کو ترجیحی بنیادوں پر کرونا ویکسین دی جانی ہے۔ تاہم جنرل پڑنا کا کہنا تھا کہ اس کا حتمی فیصلہ محکمہ صحت کے حکام کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق کرونا ویکسین کی اتنی ہی خوراکیں، ویکسین کی پہلی خوراک وصول کرنے والوں کی دوسری خوراک کے لیے رکھی جائیں گی جو کہ کرونا وائرس سے مکمل طور پر محفوظ رہنے کے لیے درکار ہوتی ہے۔












