خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکا شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں تختہ بیگ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، واقعے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملے کے بعد پولیس کی اضافی نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی، جوابی کارروائی جاری ہے، ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک خودکش بمبار نے چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں بھی دہشت گردوں کا پولیس اور فورسز سے سامنا ہوا۔ احسان پور میں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ان کی جانب سے داغا گیا راکٹ لگنے سے پولیس وین جل کر خاکستر ہوگئی۔













