حکومتِ پاکستان نے برطانیہ پر سفری پابندیوں میں نرمی کردی، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد پاکستان آسکیں گے۔
اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ نرمی کا اطلاق 5 جنوری سے ہوگا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد پاکستان نے برطانیہ پر سفری پابندی عائد کردی تھی۔
خیال رہے کہ برطانیہ پر یہ پابندی صرف پاکستان کی جانب سے ہی نہیں بلکہ دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے بھی عائد کی گئی تھی جن میں یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔
تاہم اب پاکستان نے ان پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا ہے، البتہ 31 جنوری کو دوبارہ سفری پابندیوں کا ازسرِ نو جائزہ بھی لیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد پاکستان آسکیں گے، جبکہ دہری شہریت کے حامل افراد بھی پاکستان آسکیں گے۔
سفر سے قبل ٹیسٹ کی پابندی برقرار ہے، جبکہ پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا ریپڈ اینٹی گن ٹیسٹ بھی ہوگا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق برطانیہ سے آنے والے مسافروں میں منفی کورونا وائرس ٹیسٹ آنے کے بعد بھی انھیں 5 روز کے لیے قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔
دوسری جانب کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے والے مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ لیا جائیگا اور ٹیسٹ نیگیٹو آنے تک قرنطینہ میں رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سفارتکار بھی پاکستان کا سفر کر سکیں گے۔












