وزیراعظم ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول پہنچے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
ترکیے کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے وزیراعظم شہبازشریف کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا، ترکیے میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکیے کے وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیےکے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردون دو طرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے، ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
دونوں رہنما علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف استنبول میں بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، کانفرنس میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، آئی ٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے جائیں گے۔
نجکاری سمیت دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائیگا، بزنس کانفرنس میں ترکیےکےکاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر کے تعزیتی اجتماع میں شرکت
ترکیہ دورے سے قبل وزیراعظم شہباز شریف شہید ایرانی سپریم لیڈر کے تعزیتی اجتماع میں شرکت کیلئے تہران پہنچے جہاں انہوں نے شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع میں شرکت کی، وزیراعظم نے پاکستان کے اعلیٰ وفد کی قیادت کی۔
وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی شامل تھے، وزیراطلاعات عطاتارڑ، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل تھے، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفد کے ارکان نے فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعظم نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید سپریم لیڈر نے کئی دہائیوں بصیرت، حکمت اور دور اندیشی سے ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔













