امریکہ میں وبا سے اموات کی تعداد جنگِ عظیم دوم میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کی تعداد کے برابر ہو چکی

0
578

امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق امریکہ میں وبا سے اموات کی تعداد جنگِ عظیم دوم میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کی تعداد کے برابر ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ میں 2019 میں فالج، الزائمر، ذیابیطس، فلو اور نمونیا سے مجموعی طور پر چار لاکھ نو ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امریکہ کی ‘یونیورسٹی آف واشنگٹن’ کے تیار کردہ ماڈل کے مطابق مئی کے آغاز تک امریکہ میں پانچ لاکھ 67 ہزار اموات کا اندیشہ ہے۔

‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت فروری 2020 میں ہوئی تھی۔ اور لگ بھگ ایک سال کے دوران وبا سے چار لاکھ ایک ہزار 730 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

‘جان ہاپکنز یونیورسٹی’ کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 2550 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اموات کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق امریکہ میں ابتدائی ایک لاکھ اموات چار ماہ میں ہوئی تھیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ سے چار لاکھ تک پہنچنے میں صرف ایک مہینے کا وقت لگا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران امریکہ میں یومیہ ریکارڈ اموات ہوتی رہی ہیں۔ 12 جنوری کو امریکہ میں ایک دن میں 4462 افراد ہلاک ہوئے تھے جو کہ یومیہ اموات کی تعداد کا ریکارڈ ہے۔

اسی طرح امریکہ میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز دو جنوری کو سامنے آئے تھے۔ جب ملک بھر میں دو لاکھ 98 ہزار 31 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔

‘جان ہاپکنز یونیورسٹی’ کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے ایک لاکھ 68 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جس کے بعد وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو کروڑ 42 لاکھ 53 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں وبا سے نو کروڑ 62 لاکھ 18 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 20 لاکھ 58 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں وبا سے ہلاک ہونے والے افراد میں 19.51 فی صد اموات امریکہ میں ہوئی ہیں جب کہ دنیا بھر میں متاثر ہونے والے افراد میں سے 25 فی صد متاثر افراد امریکہ میں ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY