مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت کرنے کے لیے ‘مطلوبہ تعداد’ ظاہر کریں کیونکہ اس طرح کی ایک کوشش پہلے ناکام ہوچکی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ‘جہاں تک مسلم لیگ (ن) کی سوچ کا تعلق ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کے پاس عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے مطلوبہ تعداد موجود ہے تو انہیں یقینی طور پر ظاہر کرنا ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے (ماضی میں) سینیٹ انتخاب میں دیکھا جہاں پیپلز پارٹی اکثریت میں تھی لیکن اس کے باوجود عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوسکی، لہٰذا صرف ایک ہی راستہ ہے جس پر ہمیں چلنا چاہیے اور وہ یہ ہے کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کو آگے بڑھایا جائے’۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما جولائی 2019 میں سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کی ناکامی کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔
اپوزیشن جماعتوں کے متعدد اراکین نے اپنی قرارداد کے خلاف ووٹ ڈال کر یا جان بوجھ کر اپنے ووٹ ضائع کرکے پارٹی قیادت کو مایوس کردیا تھا۔
گزشتہ روز لاڑکانہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ‘منتخب’ وزیر اعظم اور اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کا اقدام پیش کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اس آپشن کو استعمال کرنے پر قائل ہوں گی اور اس معاملے پر اتفاق رائے تک پہنچیں گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘کٹھ پتلیوں’ کے لیے عوام دوست حکومت کے حق میں دستبردار ہونا ناگزیر ہے۔












