پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ منگل سے کراچی میں شروع ہوگا، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، لیکن فائنل الیون کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا۔ پاکستان ٹیم میں ایک سے دو کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ ملنے کا امکان ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی 14 سال بعد پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔
کل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، ٹرافی کی بھی رونمائی کردی گئی۔
پاکستان ٹیم میں عابد، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم اور محمد رضوان تو بیٹنگ لائن اپ میں پکے ہیں، البتہ عمران بٹ اور سعود شکیل میں سے کسی ایک کو ٹیسٹ کیپ ملنے کا امکان ہے۔
اسی طرح بولنگ اٹیک میں شاہین آفریدی اور یاسر شاہ کے ساتھ کون کون ہوگا ابھی فیصلہ ہونا ہے، سلیکشن کے لیے فہیم اشرف، حسن علی، حارث رؤف اسپینرز ساجد خان اور نعمان علی دستیاب ہیں۔
امکان ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایک سے دو کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی جائے گی۔
دوسری جانب مہمان ٹیم میجنمنٹ نے بھی وکٹ کا جائزہ لیا اور اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ کل صبح دس بجے شروع ہوگا۔












