صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 6 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایف سی اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ ٹانک کے علاقے مولا زئی موڑ میں ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔
زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ٹانک منتقل کردیا گیا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
واقعے کی فوری طور پر کسی بھی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں بھی پشاور کے علاقے بشیرآباد میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔
پاک-افغان سرحد کے قریب فاٹا کے مختلف علاقوں میں جاری فوجی آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں کی حملے کرنے کی صلاحیت میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے تاہم اکثر وبیشتر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں












