پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہے اور وہ چوتھے روز کھیل کے اختتام پر صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنالیے۔

چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو محمد رضوان نے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا لیکن دوسرے اینڈ سے حسن علی 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ٹیسٹ میں اپنی پہلی سنچری بنانے والے محمد رضوان نے پہلے 23 رنز بنانے والے یاسر شاہ کے ساتھ 53 اور پھر 45 رنز بنانے والے نعمان علی کے ساتھ 97 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر جنوبی افریقہ کے لیے 370 رنز کا ہدف مقرر کردیا۔

سیریز میں شکست سے بچنے کے لیے جنوبی افریقی ٹیم نے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا، لیکن ڈین ایلگر 33 کے مجموعے پر 17 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد وینڈر دوسن اور آئڈن مارکرم نے 96 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو جیت کی راہ پر ڈال گامزن کردیا ہے۔

پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنا لیے تھے اور ہدف کے تعاقب میں 243 رنز درکار ہیں جبکہ اس کے پاس 9 وکٹیں باقی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY