فلسطین کے صدر محمود عباس پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پر صدر مملکت ممنون حسین نے معزز مہمان کا پرتباک استقبال کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے گلدستے پیش کئے۔

تفصیلات کے مطابق صدر محمود عباس کے ہمراہ سترہ رکنی فلسطینی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ صدر ممنون حسین اور دیگر اعلٰی فوجی اور سول حکام نے نور خان ایئربیس پر مہمان صدر کا خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر دونوں صدر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کا دل فلسطین کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے اور وہ فلسطین کی آزادی کیلئے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

پاکستان، فلسطین میں اسرائیلی ظلم کی پر زور مذمت کرتا ہے۔ فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ محمود عباس کا پاکستان کا یہ چوتھا دورہ ہے۔ اس سے پہلے وہ دو ہزار پانچ، دوہزار دس اور دو ہزار تیرہ میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں

SHARE

LEAVE A REPLY