انڈیاناپلس فائرنگ، آٹھ ہلاک شدگان میں زیادہ سکھ کمیونٹی سے تھے

0
571

امریکی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیاناپلس کے پولیس حکام نے جمعے کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی شب ایک کوئیرکمپنی فیڈ ایکس کی مقامی عمارت میں فائرنگ کر کے 8 افراد کو ہلاک کرنے والے شخص کا نام برینڈن سکاٹ ہول تھا، اس نے واقعے کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

پولیس کے مطابق، فائرنگ کرنے والے برینڈن سکاٹ کی عمر 19 برس تھی۔ اس کا تعلق انڈیانا شہر سے تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انڈیاناپلس میں برینڈن سے تعلق رکھنے والے ایک گھر کی تلاشی لی اور کچھ ثبوت قبضے میں لیے ہیں، جن میں کمپیوٹر اور دیگر برقی سامان شامل ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وہ ابھی تک فائرنگ کرنے والے شخص کے مقاصد کی کھوج نہیں لگا سکے ہیں۔

شہر کی پولیس کے ڈپٹی چیف کریگ میک کارٹ کے مطابق حملہ آور نے پارکنگ لاٹ میں موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے بعد وہ عمارت میں داخل ہوا اور اس نے وہاں بھی موجود افراد پر فائرنگ شروع کر دی۔ ان کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور نے اس کے بعد خودکشی کر لی۔

ڈپٹی چیف کے بقول ’’وہاں کوئی جھگڑا نہیں ہوا تھا، نہ ہی کوئی فساد، نہ کوئی گرما گرم بحث۔ وہ بس آیا اور فائرنگ کرنا شروع کر دی”۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی خبر میں انکشاف کیا ہے کہ حملہ آور فیڈ ایکس کی اس عمارت کا سابقہ ملازم تھا۔ اخبار کے مطابق فیڈ ایکس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’’یہ حملہ آور اس عمارت میں پہلے کام کرتا تھا”۔

اے پی کے مطابق پولیس کے ڈپٹی چیف نے واقعے کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں محض دو منٹ لگے۔

حکام نے اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ شہر کی پولیس کے چیف رینڈل ٹیلر کے مطابق اس عمارت میں زیادہ تر کام کرنے والوں کا تعلق سکھ برادری سے تھا۔

سکھ کوالیشن نامی تنظیم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے بعد افراد کا تعلق سکھ برادری سے ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، سکھ کوالیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ستجیت کور نے ایک بیان میں توقع ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اس واقعے کی “تعصب سمیت ہر پہلو” سے مکمل تحقیق کرے گی۔ سکھ کوالیشن نامی تنظیم کے مطابق انڈیانا میں 8 ہزار سکھ آباد ہیں۔

یاد رہے کہ جمعرات کی شب 11 بجے کے قریب امریکہ کی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیاناپلس میں پولیس نے ایک کوریئر کمپنی ‘فیڈ ایکس’ کے احاطے میں فائرنگ سے آٹھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY