حافظ سعید کی نظر بندی ریاستی اداروں کا فیصلہ، آئی ایس پی آر

0
243

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی نظر بندی ریاستی اداروں کا فیصلہ ہے۔

اپنی پہلی میڈیا بریفنگ کے دوران آئی ایس پی آر ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ‘آزاد اور خود مختار ریاستیں ہر فیصلہ اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر کرتی ہیں، حافظ سعید کی نظر بندی ایک پالیسی فیصلہ ہے جو ریاستی اداروں نے مل کر کیا ہے، اس میں مختلف اداروں کو اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہے’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘حافظ سعید کی نظر بندی سے متعلق آئندہ ایک دو روز میں وضاحت ہوجائے گی’۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب حکومت نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کرکے مریدکے میں واقع جماعت کے مرکز کے باہر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب پنجاب میں جماعت الدعوۃ کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے لاہور کی سڑکوں پر لگے جماعت الدعوۃ کے بینرز بھی اتار دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے 2008 میں ممبئی میں ہونے والے حملے کا ذمہ دار حافظ سعید کو ٹھہرا تے ہوئے پاکستان سے ان حملوں کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جس کی توثیق امریکا نے بھی کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY