پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور میں ہونیوالے میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی سی بی نے نگراں حکومت پنجاب کو پیغام پہنچادیا۔ نگراں پنجاب حکومت کا مؤقف بھی سامنے آگیا، جس میں اس نے کہا ہے کہ پی سی بی جہاں چاہے میچ کرالئے ہم صرف 2 میچز کا خرچہ اٹھائیں گے۔

ذرائع پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نگراں پنجاب حکومت کو پیغام پہنچادیا ہے کہ سیکیورٹی و دیگر اخراجات کی مد میں مانگے گئے 25 کروڑ ادا نہیں کئے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نگراں پنجاب حکومت کو پیغام دیا ہے کہ لاہور میں 2 میچز کے بعد پی ایس ایل میچز کراچی منتقل کردیئے جائیں گے۔

ذرائع پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجلاس میں اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کیا ہے، منگل کو لاہور سے میچز کراچی منتقل ہوجائیں گے۔

نگراں پنجاب حکومت کا مؤقف
دوسری جانب پنجاب حکومت کا بھی اس حوالے سے مؤقف سامنے آگیا۔ پی ایس ایل میچز سے متعلق پنجاب حکومت ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر پی سی بی پنجاب حکومت سے تعاون نہیں کرتا تو جہاں چاہے میچ کروا لے، پنجاب حکومت صرف 2 میچوں کا خرچہ اٹھائے گی۔

ذرائع نگراں پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی اپنی لائٹس نہیں خریدتا تو ہم ان کو پیسے نہیں دے سکتے، پی سی بی اپنی لائٹس خرید لیتا ہے تو اس پر 25 کروڑ روپے خرچہ آئے گا، اگر کرائے پر لائٹس لی جاتی ہیں تو ان کا کرایہ 80 کروڑ روپے بنے گا۔

ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے موجود ہیں، پی سی بی اپنے ہی ایونٹ پر پیسے لگانے کی بجائے پنجاب حکومت سے مانگ رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 کے ملتان میں میچز پورے ہوچکے ہیں جبکہ 26 فروری سے لاہور کا مرحلہ شروع ہونا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY