رصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر صدر عارف علو ی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی اور حکومتی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے دلیپ کمار کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم بہترین اداکار، ایک عاجز انسان اور عظیم شخصیت تھے۔

صدر مملکت نے دلیپ کمار کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ تعزیت بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹریجڈی کنگ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا ، شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اور ریسرچ سینٹر کے آغاز کے وقت فنڈز اکٹھا کرنے کے سلسلے میں ان کی فراخدلی کو کبھی نہیں بھول سکتا، یہ ایک مشکل وقت ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباشریف نے دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کا یوسف خان بالی ووڈ میں دلیپ کمار بن کر فن کے آسمان پر برسوں چھایا رہا اور آج لیجنڈ کی صورت دنیا سے رخصت ہوا۔

شہباز شریف نے یوسف خان کے فنی سفر کو فلمی دنیا کا یادگار ترین دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار کی پاک، بھارت تعلقات کیلئے کوششیں ان کی امن پسندی کا مظہر تھیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار فنِ اداکاری کا ایک عہد تھا جو تمام ہوا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دلیپ کمارکی وفات فلمی دنیا کے ایک سنہری عہد کا تمام ہونا ہے، بھارتی فلم نگری میں یوسف خان بن کر جانے والے کو دلیپ کمارکی غیر معمولی شہرت نے بام عروج پرپہنچایا، جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے دلیپ کمارکا نام دلوں کی دھڑکن ہے۔

دلیپ کمار کی وفات پر وزیرداخلہ شیخ رشید نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے، ان کا متبادل ممکن نہیں، اپنی ملاقاتوں میں بھی میں نے دلیپ کمار کو ایک سحر انگیز شخصیت پایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دلیپ کمار کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اورتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار نے کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا، اور اپنی اداکاری کے انمنٹ نقوش چھوڑے۔

گور نر پنجاب چوہدری سرور نے گلاسکو مسجد کے دورے کی دلیپ کمار کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور کہا کہ فن کے لیے دلیپ کمار کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY