انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس 22 اگست کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہاؤس پر حملوں میں سہولت کاری پر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت حسین سمیت دیگر پر 5 مقدمات کراچی کے مختلف تھانوں میں درج کیے گئے تھے۔

ملزمان متعدد مرتبہ پیشیوں کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

آج مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی رپورٹ پر فاروق ستار، عامر لیاقت حسین اور خالد مقبول صدیقی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پولیس اس حکم نامے پر عملدرآمد کروائے۔

دوسری جانب عدالت نے پولیس کو ملزمان کو 15 دن میں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

SHARE

LEAVE A REPLY