پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

یونس خان نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی طرف سے اپنے ملک کی بہترین خدمت کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پوری کوشش کی کہ اپنے ملک کو آگے لے جانے کی کوشش کی اور اگر اس حوالے سے مجھ سے جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کو نظر انداز کریں۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ میں نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی اس لیے اس دوران کوئی غلطی ہوئی تو اس کو نظر انداز کریں۔

یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ سے کیا تھا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر اپنے تابناک مستقبل کا اشارہ دیا تھا۔

یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا جس کے بعد انھوں نے ٹی ٹوئنٹی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جبکہ انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

مایہ ناز بلےباز کو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کےعلاوہ سنچریوں کا بھی ریکارڈ بھی حاصل ہے۔

سری لنکا کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں 313 رنز ان کا بڑا اسکور ہے۔

یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوان ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

انھوں نے 265 ایک روزہ میچوں میں سات سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار دوسو 49 رنز بنائے جبکہ تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY