لاہور میں ریلوے ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تقریب کے دوران حکومت مخالف نعرے لگ گئے،پولیس نے کراچی کی ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا تاہم وزیراعظم نواز شریف کے حکم پر حراست میں لیے گئے افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

ریلوے گراؤنڈ گڑھی شاہو میں ہونے والی اتھیلٹکس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریلوے کی بحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، ریلوے کی گاڑی درست ٹریک پر ہے،کبھی کبھی ٹرین پٹری سے اترتی ہے، مگرریلوے کے کام پر کبھی کوتاہی نہیں برتی۔
وفاقی وزیرریلوے کی تقریر کے اختتام پر حکومت مخالف نعرے لگ گئے، جس پر پولیس نے ابرار، فتح اللہ، وحید سمیت چار کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان ریلوے نے حکومت مخالف نعروں کو جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو شوکاز نوٹس بھجوائیں گے۔وزیراعظم نوازشریف نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے حراست میں لیے گئے کھلاڑیوں کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد پولیس نے انہیں رہا کردیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY