وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پاناما لیکس کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض حکومت کی طرف سے 10 ارب روپے کی پیشکش کے دعوے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت عمران خان سے اس الزام کا جواب لینے کے لیے ہر حد تک جائے گی۔

ڈان نیوز کے پروگرام ‘دوسرا رُخ’ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ‘عمران خان خواہشات کی سیاست کرتے آئے ہیں، پہلے انہیں وزیراعظم بننے کا خواب نظر آتا تھا اور اب انہیں خوابوں میں 10 ارب روپے نظر آتے ہیں’۔

انھوں نے کہا کہ ‘اگر معاملہ عدالت میں گیا تو عمران خان کو معلوم ہوگا کہ قانون کیا ہوتا ہے، لہذا اب ہم اس جھوٹ پر ان کی جان نہیں چھوڑیں گے’۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان سے ہر جگہ اب ایک ہی سوال کیا جائے گا کہ آخر 10 ارب روپے کی آفر انہیں کی کس نے تھی’۔

اس سوال پر کہ پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد اب حکومت کا آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ لیگی رہنما نے واضح کیا کہ ان کی جماعت اپنے 5 سال پورے کرے گی اور تمام منصوبوں کو 2018 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ‘گذشتہ 4 سال میں ہمارے لیے عمران خان اور ان کی جماعت نے کافی مشکلات پیدا کی وہ وقت بھی گزر گیا تو اب یہ 1 سال بھی گزر جائے گا’۔

انھوں نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں، تحریک انصاف ‘گندی سیاست’ پر اتر آئی ہے، لیکن یہ بات ہمارے مخالفین کو معلوم ہے کہ ہم اپنا وقت مکمل کیے بغیر نہیں جائیں گے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں وزیراعظم نواز شریف نے پاناما پیپر لیکس کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY