شمالی قطب سے عموماً جغرافیائی شمالی قطب مراد لی جاتی ہے، اگرچہ شمالی قطب کئی قسم کے ہیں۔ جغرافیائی شمالی قطب سے مراد زمین کا شمالی ترین نقطہ ہے یعنی °90 درجے شمالی عرض بلد۔ یہ ایسا نقطہ ہے جس سے آپ جس طرف کو بھی چل پڑیں آپ جنوب ہی کی طرف جا رہے ہوں گے۔ قطب نما اس جغرافیائی شمالی قطب کی طرف اشارہ نہیں کرتا بلکہ مقناطیسی شمالی قطب کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
شمالی قطب 5 قسم کے ہیں جومندرجہ ذیل ہیں:
جغرافیائی قطبین
جغرافیائی قطب شمالی
مقناطیسی قطب شمالی
ارضی۔مقناطیسی قطب شمالی
سماوی قطب شمالی
بعید ترین قطب شمالی
ان تمام مختلف تعریفوں کے مطابق شمالی قطب کو بحری سفر کے لیے اور صحرا میں سفر کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ آج کل ان کا استعمال فلکیات دان، ریاضی دان اور ارضی علوم کے ماہرین کثرت سے کرتے ہیں۔ زمین کے جتنے نقشے بنتے ہیں وہ جغرافیائی شمالی قطب کو مدِنظر رکھ کر بنتے ہیں، اسی لیے اسے صحیح شمالی قطب بھی کہتے ہیں۔ قابلِ تصدیق ریکارڈ کے مطابق پہلی دفعہ 1909ء میں کوئی انسان اس تک پہنچ سکا تھا
جغرافیائی شمالی قطب سے مراد زمین کا شمالی ترین نقطہ ہے یعنی °90 درجے شمالی عرض بلد۔ یہ ایسا نقطہ ہے جس سے زمین کا گردشی محور زمین کی شمالی سطح سے ٹکراتا ہے۔ گردشی محور وہ فرضی لکیر ہے جس پر زمین اپنے اردگرد گردش کرتی ہے۔ یہ ایسا نقطہ ہے جس سے آپ جس طرف کو بھی چل پڑیں آپ جنوب ہی کی طرف جا رہے ہوں گے۔ اسے صحیح شمالی قطب بھی کہتے ہیں۔ جغرافیائی شمالی قطب شمالی بحر منجمد شمالی میں واقع ہے مگر اس پر برف کی موٹی تہہ جمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس پرمستقل تجربہ گاہیں تعمیر کی گئی ہیں۔ مقناطیسی قطب نما اس کی طرف اشارہ نہیں کرتا بلکہ مقناطیسی شمالی قطب کی طرف اشارہ کرتا ہے جو اس سے سینکڑوں کلومیٹر دور بھی ہے اور بدلتا بھی رہتا ہے۔ جغرافیائی شمالی قطب چونکہ برف پر واقع ہے اور برف بہت غیر محسوس طریقہ سے کھسک رہی ہے اس لیے ادھر قائم تجربہ گاہیں حرکت کر کے شمالی قطب سے ہٹ جاتی ہیں۔ اسی لیے کچھ سالوں کے بعد انہیں بھی منتقل کرنا پڑتا ہے۔ مزے کی بات یہ کہ خود جغرافیائی شمالی قطب ایک جگہ نہیں بلکہ اس میں بہت معمولی تبدیلی آتی ہے۔ یعنی زمین لرزتی ہے۔ زمین کا گردشی محور کچھ میٹر تک حرکت کر سکتا ہے اور اس بات کو چانڈلر کا ارتعاش (Chandler wobble ) کہتے ہیں۔ گرمیوں میں چوبیس گھنٹے کا دن ہوتا ہے اور سردیوں میں چوبیس گھنٹے کی رات۔ 20 یا 21 مارچ کو سورج چھ ماہ کے لیے نکلتا ہے جس نے جون کے مہینے تک چڑھتے رہنا ہے۔ بیس جون کے بعد اس کا زوال شروع ہوتا ہے۔ 23 ستمبر کو سورج مکمل غروب ہو جاتا ہے جس کے بعد چھ ماہ کے لیے رات رہتی ہے۔
مقناطیسی شمالی قطب زمین کا وہ مقام ہے جس کی طرف قطب نما اشارہ کرتا ہے۔ قطب نما صحیح شمال کی طرف اشارہ نہیں کرتا بلکہ کچھ انحراف کرتا ہے۔ یہ وہ نقطہ ہے جس پر زمین کا مقناطیسی میدان عموداً نیچے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ زمین کا مقناطیسی میدان مثالی نہیں ہے یعنی اگر ہم اکی فرضی لکیر مقناطیسی قطب شمالی سے مقناطیسی قطب جنوبی کی طرف کھینچیں تو وہ ایک خطِ مستقیم نہیں ہوگا۔ زمین کے مقناطیسی میدان میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں اس لیے مقناطیسی شمالی قطب ایک مقام پر قائم نہیں رہتا اور بدلتا رہتا ہے۔ آج کل یہ مقام °82.7 شمال°114.4 مغرب میں ہے جو حقیقی شمالی قطب (جغرافیائی) سے دور ہے اور چالیس کلومیٹر سالانہ حرکت میں ہے۔ یہ حرکت بیسویں صدی کے شروع میں نو کلومیٹر سالانہ تھی اور بیسویں صدی میں مقناطیسی شمالی قطب اپنی جگہ سے 1100 کلومیٹر حرکت کر چکا ہے۔ قطب نما کی سوئی اس کی طرف رخ کرتی ہے مگر مسئلہ اتنا بھی سیدھا نہیں کیونکہ اصل مقناطیسی شمالی قطب کی جگہ سوئی علاقائی مقناطیسی شمالی قطب کی طرف اشارہ کرتی ہے جومقناطیسی قطب شمالی کے رخ سے تھوڑا سا انحراف کرتی ہے۔ اس کو مقناطیسی انحراف کہتے ہیں۔ یہ مقناطیسی انحراف ہر علاقہ میں مختلف ہوتا ہے۔ بعض مقامات پر انحراف صفر ہوتا ہے ۔ اگر ہم صفر انحراف رکھنے والے مقامات کو ایک فرضی خط سے ملائیں تو اسے خطِ لاانحرافی کہیں گے۔ یہاں یہ بات یاد رہے کہ جسے ہم مقناطیسی قطب شمالی کہہ رہے ہیں وہ اصل میں مقناطیسی میدان کا جنوبی قطب ہوگا کیونکہ مخالف سمتیں ایک دوسرے سے کشش محسوس کرتی ہیں یعنی مقناطیسی حساب سے اصل میں زمین کا مقناطیسی قطب شمالی مقناطیسی میدان کا جنوبی قطب اور زمین کا مقناطیسی قطب جنوبی اصل میں اس کے مقناطیسی میدان کا شمالی قطب ہوگا۔













