چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف نادرا کے ڈیٹا کو افسانہ قراردے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس کے آغاز پر سینیٹر اعظم سواتی نے بتایا کہ نادرا کے پاس 38 لاکھ ٹیکس نادہندگان کا ڈیٹا موجود ہے۔ مگر ایف بی آر اسے استعمال نہیں کرتا ہے۔ جس پر چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد نے کہا کہ نادرا کا ڈیٹا ایک افسانہ ہے۔ اس ڈیٹا کے بارے میں اخباروں کے ذریعے پتا چلا ہے۔ آج تک کسی نادرا حکام نے ہم سے ڈیٹا شیئر نہیں کیا اور نہ ہی ہمیں مطلع نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا کے علاوہ کسی اور ادارے نے بھی یہ ڈیٹا نہیں دیا ہے۔ ڈاکٹر ارشاد کے مطابق اگر ٹیکس نادہند گان کے خلاف نادرا کا یہ ڈیٹا حاصل ہوجائے تو ہم آج ہی سے کارروائی کا آغاز کردیں گے
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیوں کو روکنے کے لیے ٹیکس قوانین میں ترامیم کی گئی ہے۔اس سلسلے میں مرکزی بینک سے بات چیت کی گئی۔ جس میں اتفاق کیا گیا کہ مالیاتی ادارے کسی بھی مشکوک شخص کی معلومات دینے کے پابند ہوں گے۔اس کے ساتھ نان ریزیڈنٹ پاکستانیوں کی معلومات حاصل کرنے کا قانون بنایا گیا ہے












