پاک چین اقتصادی راہداری کی دسویں سالگرہ پر پاکستان نے بڑا اعلان کردیا۔ پاکستان نے خطے کے تمام ممالک کو سی پیک میں شامل ہونے کی دعوت دیدی۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ سی پیک میں تمام ممالک کو ویلکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے کے ممالک کو جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ ایک دلچسپی رکھنے والے ممالک کیلئے اوپن پلیٹ فارم ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ چین نے پہلے فیز میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ انرجی ، انفراسٹرکچر سمیت کئی شعبوں میں کام ہوا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، پاکستان اور چین سی پیک کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے سویڈن میں قرآن مجید کی بیحرمتی کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا سویدش ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ آزادی اظہار کے نام پر ایسے اقدام ناقابل قبول ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے ایسے واقعات نے ان قانونی فریم ورک پر بھی سوالات اٹھا دیئے ہیں جو کہ ایسے نفرت انگیز اقدامات کی اجازت دیتے ہیں ، او آئی سی کا سرگرم رکن ہونے کے ناتے پاکستان نے اس اہم معاملے پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں فوری مباحثے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا وزیراعظم شہبازشریف نے ایس سی او سربراہی کانفنرنس میں دہشتگردی سمیت مختلف ایشو پر اپنا موقف پیش کیا، بھارتی قابض افواج نے برہان وانی کو 8 جولائی 2016 کو ماورائےعدالت شہید کیا،مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں ، کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر پر حل طلب مسئلہ ہے، مزید کہا کہ یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق پاکستانیوں کی معلومات یونانی حکام کو دیدیں ، تحقیقات کا انتظار ہے۔












