ایرانی پاسداران انقلاب نے دارالحکومت تہران کے مرکزی اسکوائر میں ایک میزائل کی نمائش کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کو انقلاب اسکوائر میں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی جہاں لوگ ایرانی پرچم لہراتے اور نعرے لگاتے نظر آئے۔
رپورٹ کے مطابق دکھائے گئے میزائل کی نوعیت کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی تاہم ایرانی میڈیا نے اسے ’خرمشہر‘ بیلسٹک میزائل قرار دیا ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب گارڈز نے خبردار کیا ہے کہ اگر لڑائی دوبارہ شروع ہوئی تو اپنے دشمن پر تباہ کن ضربیں لگائیں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا ہے وہ کسی بھی نئی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر لڑائی دوبارہ چھڑی تو دشمن کے باقی ماندہ اثاثوں کو بھرپور قوت سے نشانہ بنائیں گے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے موجودہ نام نہاد جنگ بندی کے دوران دشمن کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔













