مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہناہے کہ پاکستان سعودی قطر تنازع میں غیرجانبدار رہنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔
سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ میں انہوں نےبتایا کہ ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف ذاتی حیثیت میں اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ بنے، انہیں سرکاری طور پر نہیں بھجوایا گیا، حکومت انہیں واپس آنے کا نہیں کہہ سکتی ۔
خارجہ امور کمیٹی نے خلیجی بحران میں پاکستان کو غیر جانبدار رہ کر مصالحتی کردار ادا کرنے کی سفارش کردی ۔
سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب قطر تنازع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اس تنازع میں غیرجانبدار رہنے کی پالیسی پر کاربند ہے، یمن کے تنازع پر پارلیمانی قرارداد موجودہ خلیجی بحران میں پاکستان کی پالیسی کا بنیادی نکتہ ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ جنرل راحیل شریف اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی میں ذاتی حیثیت میں گئے، انہیں سرکاری طور پر نہیں بھجوایا گیا۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر کریم خواجہ نے کہا کہ راحیل شریف کو رضاکارانہ طور پر واپس آجانا چاہیے، اگر سعودی عرب اس طرح بھرتیاں کرے گا تو ایران بھی ایسا کرے گا، خلیجی بحران میں پاکستان کے کردار سے مطمئن نہیں۔
تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ راحیل شریف کو واپس بلانے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خراب ہوں گے، پچاس فیصد زرمبادلہ خلیجی ممالک سے آتا ہے، پاکستان اتنے بڑے نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
سرتاج عزیز نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کے پاکستان کسی دوسرے کے مسئلے میں ٹانگ نہیں اڑائے گا، کمیٹی نےحکومت کو خلیجی بحران میں غیر جانبدار رہ کر مصالحتی کردار ادا کرنے کی سفارش کی۔












