فرانس کے جنوب مشرقی شہر آوینیو میں ایک مسجد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک لڑکی سمیت 8 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پروسیکیوٹر آفس نے واقعے میں دہشت گردی کا عنصر شامل کیے جانے کو مسترد کیا ہے۔
پروسیکیورٹر آفس کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی وقت کے مطابق 10 بجکر 30 منٹ پر ایک گاڑی میں سوار دو افراد نے مسجد کے قریب فائرنگ کی، ان کے پاس شاٹ گن بھی موجود تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ زخمی ہونے والے افراد کی جان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
پروسیکیورٹر آفس نے مزید کہا کہ ’ہمیں اب تک حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق واقعے میں مسجد کو نشانہ نہیں بنایا گیا تھا، سڑک پر ہونے والے اس واقعے میں مذہب کا کوئی عنصر شامل نہیں‘۔
ادھر عینی شاہدین کے مطابق کار میں چار افراد سوار تھے اور سب نے نقاب پہن رکھے تھے۔
واقعے کی تحقیقات کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے حوالے کردی گئی۔












