پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ امیدوار پی ٹی آئی نظریاتی کے نام سے ٹکٹ جمع کرائیں۔
میڈیا سے گفتگو میں شعیب شاہین نے کہا کہ پارٹی امیدوار پی ٹی آئی نظریاتی کے نام سے ٹکٹ جمع کرائیں، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کسی بھی پارٹی کا ٹکٹ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران (آر اوز) پابند ہیں کہ جس نشان کو امیدواروں کہیں اسے جاری کریں، آزاد شفاف انتخابات کےلیے ذمے داری کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔
شعیب شاہین نے مزید کہا کہ کبھی بلے کا نشان چھینا جاتا ہے کبھی بلے باز کا نشان چھینا جاتا ہے، آج سپریم کورٹ میں بیرسٹر گوہر تھے ان کے گھر پولیس پہنچی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کی اہلیہ گھر پر تھیں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، ان سب کے باوجود پی ٹی آئی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بیرسٹر گوہر کے گھر سے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور کاغذات لے کر گئے ہیں۔












