چوہدری نثار نے لاہور دھماکے کی وجہ سے پریس کانفرنس پھر ملتوی کر دی ہے۔ وہ وقت مقررہ پر پریس کانفرنس کے لیئے آئے تا ہم صرف ابتدائی بیان ہی یہ کہہ کر دیا کہ آج بھی انکی طبیعت درست نہیں لیکن لاہور کے جانکاہ دھماکے کی وجہ سے وہ خود کو اس قابل نہیں سمجھتے کہ اس صدمے کے وقت سیاسی موضوعات پر گفرتگو کریں جبکہ اس کے لیئے کل پرسوں بھی بات ہو سکتی ہے
یاد رہےکہ ان کے وزارت سے مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
وزیرداخلہ نے گذشتہ روز پریس کانفرنس کرنا تھی لیکن کمر میں تکلیف کے باعث آج شام کے لئے ملتوی کردی گئی تھی۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اتوار کو پریس کانفرنس ملتوی ہونے کی وجہ محض ناساز طبیعت ہے لہٰذا التوا کے کوئی اور معنی نہ لیے جائیں۔
ترجمان نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ پریس کانفرنس کے التوا پر قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی چوہدری نثار کو منانے کے لیے گئی تھی تاہم وہ ناکام لوٹی جب کہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ان کا مؤقف اصولی ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
چوہدری نثار کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نوازشریف سے طویل رفاقت ختم کرنے اور وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرسکتے ہیں۔
چوہدری نثار کا مؤقف ہے کہ پاناما کیس میں وزیراعظم نے جونیئرز سے مشاورت کی اور سینئرز کو نظر انداز کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کو منانے کی تمام ہی کوششیں بے نتیجہ رہیں اور شہبازشریف بھی ناراضگی دور نہ کرسکے۔













