مشن جی ٹی روڈ کا دوسرا روز شروع ہو چکا ہے اور سابق وزیراعظم کا قافلہ منزل کی طرف رواں دواں ہورہا ہے، اعلان کے مطابق یہ سفر گیارہ بجے دن شروع ہونا تھا لیکن ساڑھے بارہ کے قریب شروع ہوا جسکی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ۔نواز شریف کا سکیورٹی سٹاف پنجاب ہاؤس پہنچ گیا، 18 کلومیٹر کا سفر 12 گھنٹے میں طے ہوا، نواز شریف نے رات پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں گزاری۔جڑواں شہروں میں قافلے کا جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا۔ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے قافلے میں شرکت کی۔
سابق وزیرا عظم نوازشریف نے رات گئے کمیٹی چوک میں اپنے کنٹینر کے اندر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو محبت مجھے آج ملی ہے پورے پاکستان میں ایسی محبت کہیں نہیں دیکھی، دل چاہتا ہے راولپنڈی کی اتنی خدمت کروں کہ سارے ریکارڈ پیچھے رہ جائیں۔ انہوں نے کہا آج میں انقلاب دیکھ رہا ہوں، راولپنڈی بدل چکا ہے، پورا شہر سڑکوں پر امڈ آیا ہے۔ انکا کہنا تھا کچھ لوگ کہتے ہیں راولپنڈی ان کا شہر ہے لیکن یہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف کا شہر ہے، پنڈی کے عوام نے میری نا اہلی کا فیصلہ قبول نہیں کیا۔ نواز شریف نے کہا آج ریفرنڈم ہو گیا ہے، مجھے کس الزام میں سزا دی گئی، کیا نواز شریف نے کوئی کرپشن کی یا کمیشن لیا یہ عوام کے ووٹوں کی توہین کی گئی، کروڑوں لوگ وزیر اعظم منتخب کرتے ہیں اور چند لوگ ایک منٹ میں اس کو فارغ کر دیتے ہیں، یہ میرے ساتھ پہلی مرتبہ نہیں ہوا، یہ تیسری مرتبہ ہوا ہے، یہ پاکستان کے عوام کی عدالت ہے، بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے فارغ کر دیا گیا، میں نے تنخواہ نہیں لی تو ڈیکلیئر کیوں کرتا، دنیا نے اس فیصلے کو قبول نہیں کیا، پاکستانی عوام نے بھی اس کو قبول نہیں کیا۔
راولپنڈی کے عوام کا فیصلہ پورے ملک کا فیصلہ ہے، پاکستان میں 70 سالوں سے یہ ہو رہا ہے، کسی وزیر اعظم نے اپنی مدت پوری نہیں کی، ڈیڑھ سال کی اوسط مدت ملی، کیا وزیر اعظم قوم کے نمائندے نہیں تھے، یہ مذاق 70 سال سے ہو رہا ہے، قوم اس مذاق کو قطعا پسند نہیں کرتی، مجھے حکومت کا لالچ نہیں، میں چاہتا ہوں پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم بنے، اب پاکستان پھر پستی کی طرف جا رہا ہے، کیا یہ ملک کبھی بدلے گا؟ ہم نے عوام کے مینڈیٹ کی عزت کرانی ہے، اس کی توہین نہیں ہونے دینگے، اب یہ ظلم مزید برداشت نہیں کرینگے۔ میری بحالی کیلئے نہیں پاکستان کو بدلنے کیلئے میراساتھ دیں، اگلے سال لوڈ شیدنگ کا نام و نشان نہیں رہے گا، ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا، 2014 میں دھرنا آگیا، پھر پاناما اور دھرنا 2 آگیا، آج مولوی صاحب پھر پاکستان میں تباہی کا نسخہ لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ مینڈیٹ کے احترام کے بغیر ترقی ممکن نہیں، میرے بھائیو! وعدہ کرو مینڈیٹ کا احترام کراؤ گے، کسی کومینڈیٹ پرشب خون مارنے کی اجازت نہیں دوگے، اپنے ووٹ کے تقدس کاخیال رکھو گے، وعدہ کرو کہ اپنے وزیر اعظم کی تذلیل نہیں ہونے دو گے۔ اپنے حقوق کا تحفظ آپ نے کرنا ہے، میرے ہاتھ صاف ہیں، ان ججز نے کہا نواز شریف پر کرپشن کا الزام تک نہیں، جب کوئی کرپشن کا کیس نہیں ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا، اس کا فیصلہ عوام اور تاریخ پر چھوڑتا ہوں
مسلم لیگ ن کے رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین سیاست کر رہے ہیں،نواز شریف کا سفر ووٹ کے تقدس کےلیے ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے عوام نے نوازشریف کےساتھ محبت کا اظہار کیا ،کامیاب سفر جمہوریت پر راولپنڈی کے عوام کو سلام عقیدت پیش کرتاہوں ۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور نواز شریف کا ساتھ دیں، مخالفین سے کہتا ہوں آؤ تم بھی اس قافلے میں شامل ہوجاؤ













