پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انگلینڈ میں جاری نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی20 کیریئر کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

منگل کو نیٹ ویسٹ ٹی20 بلاسٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں ڈربی شائر نے ٹاس جیت کر پہلے ہیمپشائر کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔

اوپننگ کرنے والے سابق پاکستانی کپتان نے ابتدا سے جارحانہ انداز اپنایا جس کا ہیمپشائر کے باؤلرز کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔

آفریدی نے اپنی نصف سنچری 20 گیندوں پر مکمل کرتے ہوئے ہیمپشائر کو بہترین آغاز فراہم کیا لیکن وہ نصف سنچری کے بعد اس وقت خوش قسمت ثابت ہوئے جب 65 کے انفرادی اسکور پر عمران طاہر کی گیند پر ان کا کیچ ڈراپ ہوا۔

سابق کپتان نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور صرف 42 گیندوں پر سنچری بناتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

شاہد آفریدی سات چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 101 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور ان کی اس اننگز کی بدولت ہیمپشائر نے کوارٹر فائنل میں ڈربی شائر کو 250 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے۔

ہیمپشائر کی جانب سے جیمز ونس 55 اور جارج بیلی 27 رنز بنانے کر دیگر نمایاں بلے باز رہے

SHARE

LEAVE A REPLY