میانمار کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں جماعت اسلامی کی ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالمی برادری نے برمی افواج کے مظالم پر آنکھیں بند کررکھی ہیں۔
جماعت اسلامی نے امیر کراچی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں مزار قائد سے تبت سینٹر تک ریلی نکالی، جس میںخواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا ۔

ریلی کے شرکاء نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی بند کی جائے، روہنگیا مسلمانوں کو تحفظ دو کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ،اس موقع پر روہنگیا سپورٹ فنڈ بھی جمع کیا گیا ۔
ریلی سے مواصلاتی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے،وہاں ایک دن میں 70 سے زائد مساجد شہید کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی اپنی رپورٹ ہے کہ برما میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں،وزارت داخلہ نے کہا کہ آپ وزارت داخلہ کی طرف احتجاج نہ کریں،وزیراعظم سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ اندھے اور بہرے بن گئے ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کے دروازے پر ڈیرے ڈالے جائیں ،روہنگیا میں دہشت گردی ہورہی ہے ،جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں بننے والا اتحاد دہشت گردی کے خلاف ہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا اہل کراچی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ لوگ کشمیر ،فلسطین ،بوسنیا ،افغانستان اور اب روہنگیا مسلمانوں کے لئے اتنی بڑی تعداد میں جمع ہوئے ہیں،دراصل شہر قائد کے لوگ نبی ﷺ کے عاشق ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY