چودہ ستمبر بروز جمعرات کی شب میں پاکستانی کیمونٹی ان کویت نے لندن سے کویت کے پندرہ روزہ علمی ادبی اور فکری دورے پر تشریف لائے صفدر ھمدانی کے اعزاز میں ایک نہایت شاندار تقریب کا اہتمام کیا جو شہر کے ایک اعلی ہوٹل میں منعقد ہوئی
یہ تقریب صفدر ھمدانی کے اس تیسرے دورہ کویت کی آخری علمی ادبی تقریب تھی کہ وہ سولہ ستمبر کی صبح واپس لندن روانہ ہو رہے ہیں
وسیع اسٹیج پر اس تقریب کے تمام منتظمین پیر امجد حسین، رانا منیر احمد، اشتیاق ملک، عتیق الرحمن،اخلاق احمد ملک،آصف جمال،خال منہاس اور یوسف قریشی کے ساتھ مہمان خصوصی صفدر ھمدانی اور صدر محفل پاکستان کے سفیر عزت مآب غلام دستگیر موجود تھے جو اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود جناب صفدر ھمدانی کو الوداع کہنے کی خاطر کچھ دیر کے لیئے تقریب میں شریک ہوئے
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی اور پھر مختلف احباب نے صفدر ھمدانی کی ہمہ جہت شخصیت کے حوالے سے بھر پور گفتگو کی۔
تقریب میں خاص طور پر مدعو شعرا خالد سجاد، شاہین اشرف علی،بدر سیماب اور سید صداقت ترمذی نے اپنا کلام سنا کر حاضرین سے داد وصول کی
شاہین اشرف علی نے ماں کے عنوان سے اپنی جذباتی نظم پیش کی اور اسے ڈربی انگلینڈ میں مقیم اپنی دوست ناہید چٹھہ کی مرحومہ والدہ کے نام کیا جنکا چند روز قبل پاکستان میں انتقال ہوا
اس موقع پر مہمان خصوصی صفدر ھمدانی نے پاکستانی کیمونٹی ان کویت کی طرف سے ایسی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کھلے دل سے یہ اعتراف کیا کہ کویت کے اس تیسرے سفر میں جو عزت کویت کے عالمی ، ادبی،دینی اور سماجی طبقوں نے دی ہے وہ انکو دنیا میں کہیں نہیں ملی
انہوں نے خاص طور پر سفیر پاکستان جناب غلام دستگیر کو فرزند ریڈیو پاکستان قرار دیتے ہوئے انکی محبتوں کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ سفیر موصوف نے کویت میں ادبی فضا اور ماحول کو بہترین بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے
تقریب کے اختتام پر صفدر ھمدانی نے اپنی منتخب شاعری پیش کر کے بہت داد وصول کی جسکے بعد انتہائی پُر تکلف عشائیہ پیش کیا گیا اور آخر میں صفدر ھمدانی نے دیگر احباب کے ساتھ مل کر کیک کاٹا

تقریب کی مکمل مفصل رپورٹ اگلے چند روز میں
رپورٹ۔شاہین اشرف علی













