ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو باآسانی 104 رنز سے ہرادیا۔
بنگلادیش کی ٹیم 206 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 16.3 اوورز میں 101 رنز بنا سکی۔
بنگلادیش کے بیٹر لٹن داس نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے۔ جنوبی افریقی بولر اینرک نورکیا نے 4 اور تبریز شمسی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سڈنی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جنوبی افریقا کے کپتان کے لئے اچھا ثابت نہ ہوا اور وہ خود ہی پہلے اوور میں 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رائیلی روسو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بنگلادیشی بولرز کی لائن بگاڑدی اور ورلڈ کپ 2022ء کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔
انہوں نے 56 گیندوں پر 109 رنز کی تیز اننگز کھیلی جب کہ اوپنر کوئنٹن ڈی کوک 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میچ کے دوران کوئنٹن ڈی کوک اور رائیلی روسو نے 163 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوسری بڑی شراکت ہے۔
جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بنائے۔ بنگلادیشی بولر شکیب الحسن نے 2 جبکہ عفیف حسین، حسن محمود اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقی بیٹر رائیلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔












