رواں برس کا اقتصادیات کا نوبل انعام امریکی ماہر اقتصادیات رچرڈ ایچ تھیلر کو دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اسٹاک ہولم میں رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے اعلان کے مطابق تھیلر کو یہ انعام ’اقتصادی نفسیات‘ کے حوالے سے ان کی تحقیق کے اعتراف میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ رچرڈ تھیلر کی یہ تحقیق اقتصادی فیصلوں کے پیچھے کار فرما نفسیاتی عوامل کی وضاحت کرتی ہے۔
اعلان کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ نفسیات اور معیشت کے انضمام پر تحقیق کی گئی ہے۔ رچرڈ ایچ تھیلر اس وقت امریکی شہر شکاگو میں پڑھا رہے ہیں۔












