آسٹریلوی بیٹر نے وائٹ بال ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جنوبی آسٹریلیا کے بیٹر جیک فریزر نے آسٹریلوی ڈومیسٹک کپ میں تسمانیہ کے خلاف 29 گیندوں پر سنچری بنا کر مینز لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا اے بی ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
لسٹ اے کرکٹ دراصل ون ڈے فارمیٹ ہے جس میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کے وائٹ بال میچز دونوں شامل ہیں، اس میں فی ٹیم کی ایک اننگز میں اوورز کی تعداد 40 سے 60 تک ہوتی ہے۔
جنوبی افریقی بیٹر ڈی ویلیئرز نے جنوری 2015 میں جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 31 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، جو کہ وائٹ بال کرکٹ( انٹرنیشنل کے ساتھ ڈومیسٹک ون ڈے) کی بھی تیز ترین سنچری تھیل
تاہم گزشتہ دنوں آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ون ڈے کپ میں تسمانیہ نے جنوبی آسٹریلیا کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا اور مخالف ٹیم کو 50 اوورز میں جیت کیلئے 436 رنز کا ہدف دے دیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی آسٹریلیا کے بیٹر جیک فریزر نے برق رفتار اننگز کھیلی اور صرف 29 گیندوں پر سنچری اسکور کی، انہوں نے 38 گیندوں پر 125 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 13 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی آسٹریلیا کی ٹیم 398 رنز بناسکی۔
واضح رہے کہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اب بھی اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ہی ہے۔












