پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کو خراب فارم اور مسلسل ناکامی کے بعد قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں میں احمد شہزاد پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مل کر جو ٹیم 14رکنی ٹیم تشکیل دی ہےاس میں وہ شامل نہیں ہیں۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے کوچ مکی آرتھر کو تجویز دی ہے کہ وہ آل رائونڈر عامر یامین اور محمد نواز کو موقع دیں تاکہ ان میں موجود ٹیلنٹ کا اندازہ ہوسکے، احمد شہزاد حالیہ میچوں میں بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
لاہور میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں انہیں ڈراپ کردیا گیا تھا، فخر زمان کے ساتھ عمر امین کو کھلانے کا تجربہ کیا گیا، عمر امین 2 سال بعد پاکستان ٹیم میں آئے، انہوں نے 45 رنز بنائے اور پاکستان کو57رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا تھا۔
احمد شہزاد نے سری لنکا کے خلاف ابوظہبی کے ٹی ٹوئینٹی میچوں میں27 اور 22 رنز بنائے تھے، سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں صفر اور8رنز بنائے تھے۔












