بینظیربھٹوشہید کی برسی پر وزیراعلیٰ سندھ نے 27دسمبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کی منظوری دے دی ۔چھٹی کی سمری محکمہ سروسز سندھ کی جانب سے بھیجی گئی تھی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کل عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، جس کیلئے گڑھی خدا بخش میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
بدھ کی صبح قرآن خوانی اور چادریں چڑھانے کے بعد دوپہر کو مرکزی جلسہ ہوگا، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور دیگر اہم شخصیات خطاب کریں گی۔
آج شام نوڈیرو ہائوس میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔












