اسرائیل میں مقیم افریقی تارکینِ وطن کو بے دخلی کے لیے نوٹس جاری

0
636

اسرائیلی حکام نے ملک میں مقیم ہزاروں افریقی تارکینِ وطن کی بے دخلی کے لیے نوٹس جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔

اسرائیل نے اتوار کو ان تارکین وطن میں تقسیم کیے گئے خطوط میں کہا ہے کہ ان کے پاس اس پیش کش کو قبول کرنےکے لیے 60 دن کا وقت ہے ۔وہ اگر ایک افریقی ملک میں منتقلی پر رضا مند ہوجاتے ہیں تو انھیں 35 سو ڈالرز اور طیارے کا ٹکٹ دیا جائے گا لیکن جو تارکینِ وطن یکم اپریل تک اس پیش کش کو قبول نہیں کریں گے انھیں غیر معینہ مدت کے لیے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔

اسرائیل میں اس وقت قریباً چالیس ہزار افریقی تارکین وطن مقیم ہیں۔ ان میں زیادہ تر کا تعلق اری ٹیریا اور سوڈان سے ہے ۔ وہ حالیہ برسوں کے دوران میں بہتر معاشی مواقع کی تلاش میں اسرائیل آگئے تھے۔ان میں سے بہت سوں نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ انھیں افریقی ملک روانڈا بھیجا جا سکتا ہے۔

ان افریقی تارکینِ وطن کی اسرائیل سے جبری بے دخلی کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے اور پائیلٹوں ، ڈاکٹروں ، یہودی ربیوں اور ہولو کاسٹ میں زندہ بچ جانے والوں نے اسرائیلی حکومت سے ان کی بے دخلی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہناہے کہ یہ ایک غیر اخلاقی عمل ہے اور اس سے اسرائیل کا یہودی تارکین ِوطن کی آماج گاہ کے طور پر تشخص بھی متاثر ہوگا۔

یہودی بستی کو قانونی بنانے کا اعلان
دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ان کی حکومت غرب ِ اردن میں قائم ایک دور دراز یہودی بستی کو قانونی قرار دے دے گی اور اس نے یہ فیصلہ اس بستی کے ایک یہودی آباد کار کے قتل کے ردعمل میں کیا ہے۔

انھوں نے اتوار کو اپنی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں کہا کہ ان کی حکومت حوات گیلاد کو قانون قرار دے کر وہیں معمولات ِزندگی جاری رکھنے کی اجازت دے دے گی۔

نابلس کے نواح میں واقع اس غیر قانونی یہودی بستی کے ایک مکین ربی رزائیل کو اگلے روز اس کے مکان کے نزدیک ایک گاڑی میں سوار افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔اس بستی میں غیر قانونی طور پر سیکڑوں یہودی آباد کار رہ رہے ہیں۔

اسرائیل کی یہودی آباد کاری مخالف تنظیم ’’اب امن ‘‘ کا کہنا ہے کہ حکومت کا اس یہودی بستی کو قانونی قرار دینے کا اقدام دراصل قتل کے واقعے کے بدترین استحصال کی ایک مایوس کن مثال ہے

SHARE

LEAVE A REPLY