رائیونڈ روڈ خود کش دھماکے میں ملوث بمبار کے مبینہ سہولت کار سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حملہ آور کی شناخت نصیب شاہ کے نام سے ہو گئی۔

رائیونڈ روڈ خود کش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق بمبار کے مبینہ سہولت کار سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ حملہ آور کی شناخت نصیب شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو بادامی باغ میں اپنے چچا کے پاس مقیم تھا۔ حساس ادارے نے لاہور کے علاقے بادامی باغ میں کارروائی کر کے خود کش بمبار کے مبینہ سہولت کار سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت نصیب شاہ کے نام سے ہوئی جس کا کوڈ نام حافظ جواد تھا، اس کا چچا غازی شاہ اور کزن قوی شاہ سہولت کار کا کام کرتے رہے۔ دہشت گردوں کا یہ منظم گروہ پنجاب میں اہم شخصیات اور حساس مقامات کو ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر مزید اہم گرفتاریوں کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ رائیونڈ دھماکے میں اب تک پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ سانحے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے جو مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY