پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے 8 گھنٹوں غائب رہنے اور منظر عام پر آنے کے بعد بیان جاری کردیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ علی امین گنڈا پورکی اسلام آباد میں سرکاری حکام کے ساتھ طویل ملاقات ہوئی جس میںصوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق ملاقات جہاں تھی وہاں جیمرز لگنے سے موبائل سروس معطل تھی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ اور ان کے اسٹاف سے کوئی رابطہ نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے الزام عائد کیا تھا کہ وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو حراست میں لیا ہے۔
قائد حزب اختلاف عمرایوب نے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور سے رابطہ ختم ہوچکا، وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ نے انہیں چائے کے کپ پر مدعو کیا تھا۔
…………………
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریر اور بیانات سے ناراض ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مرکزی قیادت کا کہنا ہے گزشتہ روز سنگ جانی کے جلسے میں علی امین گنڈاپو رنے غیر ضروری گفتگو کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے خطاب میں سنجیدگی اور پارٹی پالیسی نہ ہونے پر پارٹی قیادت نالاں ہے ، قیادت کا مؤقف ہے کہ علی امین گنڈاپور پارٹی کی قیادت کو اعتماد میں لیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کو اعتماد میں نہ لینے پر ارکان نے علی امین گنڈاپور کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی قیادت کا کہنا ہے وزیر اعلی کے پی نے صحافیوں کے علاوہ اداروں پر غیر ضروری تنقید کی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے جلسے میں تقریر سے قبل کسی رہنما کو اعتماد میں نہیں لیا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز سنگ جانی کے جلسے میں اختلاف رکھنے والے صحافیوں کو کھلی دھمکیاں دیں اور خاتون صحافیوں کیلئے بھی غلیظ زبان استعمال کی۔
جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ ایک سے 2 ہفتے میں قانونی طور پر عمران خان رہا نہ ہوا تو ہم پھر انہیں خود رہا کریں گے۔












