چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس لے لیا۔ عدالت نے توقیر شاہ کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
چیف جسٹس نے خواجہ سلمان رفیق سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا نوٹس لینے پر آپ کا رنگ کیوں اڑ گیا ، عدالت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے توقیر شاہ کی بطور رکن ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن تعیناتی کا ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا ویسے جنیو ا ہے کہاں ؟ جس پر چیف سیکرٹری نے جواب دیا جنیوا سوئٹزرلینڈ میں ہے اور اچھا ملک ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یہ وہی ملک ہے جہاں لوگ پیسہ اکٹھا کرتے ہیں۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس کیس میں عدالت نے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے سفارشات پیش کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیدی۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ عدالتی معاون عائشہ حامد نے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سے متعلق سفارشات پیش کرنے کیلئے عدالت سے 2 ہفتوں کی ملہت کی استدعا کی جسے سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا۔












