وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے پر پابندی ہوگی اور صرف 10 کلو آٹے کا تھیلا ہی فروخت ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلا س میں اشیائے خوردونوش کے نرخ میں اتار چڑھاؤ پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے آٹے اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی بارڈرکی کڑی نگرانی کا حکم دیا اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ضلع میں گندم کی بوائی کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے تمام اضلاع میں سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت مستقل طور پر بند کرنے اور مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کے بیگ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خوردونوش کے نرخ کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا، اجلاس میں ہر ڈپٹی کمشنر کو اپنے علاقے کے کولڈ اسٹوریج میں کیلا، سیب اور کھجور کی اسٹوریج یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں منڈی مارٹ قائم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY