آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پرآہنی باڑ کی تنصیب کے کام کا افتتاح کردیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آہنی باڑکی تنصیب کا کام ضلع کوئٹہ کے سرحدی علاقے پنج پائی میں شروع کیا گیا ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ نے آہنی باڑکی تنصیب میں تعاون وحمایت پرقبائلی عمائدین ک اشکریہ ادا کیا۔
کوئٹہ کے دورے میں آرمی چیف نے کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کا بھی افتتاح کیا ۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا، سرحد پر باڑ لگانے پر پاک فوج کی حمایت اور قیام امن پر قبائلی عمائدین نے شکریہ ادا کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ باڑ لگانے سے سرحد پار دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکی جا سکے گی، چند عناصر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، آئینی ذمے داریاں پوری کرتے ہوئے پاک فوج ملک کا دفاع کرے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ بلوچستان کے دوران کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو مسترد کر دیا، مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کے باعث ملک میں دیرپا امن قائم ہوا،
چند عناصر ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں میں نفرت پھیلانا چاہتے ہیں، ملکی قوانین پر عملدرآمد سب کی ذمے داری ہے، آئین کی حدود میں رہتے ہوئے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا سب کی ذمے داری ہے، نوجوان نسل محنت اور کردار سازی سے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنج پائی کے علاقے میں افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بھی موجود تھے، آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے ملاقات بھی کی، آرمی چیف نے کہا کہ مخصوص بارڈر کراسنگ کے ذریعے جائز نقل و حرکت، تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قیام امن اور ترقیاتی کاموں پر پاک فوج اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے کوئٹہ میں نسٹ کیمپس کا بھی افتتاح کیا، تیس ایکڑ پر محیط کیمپس میں 550 طلباء تعلیم حاصل کریں گے، یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام پر 2 ارب 63 کروڑ روپے کی لاگت آئی، آرمی چیف نے 5 سال سے زیر التواء سیف سٹی منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔
آرمی چیف نے کوئٹہ میں مختلف جامعات کے طلباء و طالبات سے ملاقات کی، آرمی چیف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکج کا مرہون منت ہو، پاک فوج بلوچستان میں تعلیم، صحت، بجلی اور پانی کی فراہمی کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل کو ہدف بنانے پر نظر رکھنے کو کہا۔ آرمی چیف نے انتہاپسندی کو اجتماعی طور پر مسترد کرنے، تصادم اور نفرت کی طرف لے جانے والوں سے بچنے کو کہا۔













