وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ ملائیشیا کے دوران بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی لیڈر شپ اینڈ گورننس کی اعزازی ڈگری عطا کر دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے کی تقریب ملائیشیا کی ریاست پہانگ میں منعقد ہوئی، جس میں پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے انہیں اعزازی ڈگری سے نوازا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی سے قوم کی خدمت کی، انہوں نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارت عظمیٰ تک ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت نہیں مقصد سے جڑی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور طرزحکمرانی میں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کرنا اعزاز ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے قیادت و حکمرانی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا میرے لئے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 دہائیوں سے زائد عرصے تک صوبہ پنجاب کے عوام کی بطور خادم خدمت کی، اب پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے عوام کی خدمت کر رہا ہوں، ہمیشہ خلوص نیت اورثابت قدمی کے ساتھ عوام کی خدمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کی ایک معزز ترین درسگاہ سے منسلک ہونا باعث اعزاز ہے، درسگاہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے، خواہش ہے کہ پاکستان اوریونیورسٹی کے درمیان علمی تعاون مزید مضبوط ہو۔
یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم سے ملائیشین بزنس گروپ کی ملاقات، اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق
وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا علم و دانش کا مرکز ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں، قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ ایک امانت ہے، قیادت کو دیانت، اخلاص، عدل اور شفاف احتساب کے ساتھ ادا کرنا لازم ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو تنازعات، غربت اور باہمی انتشار سمیت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان اور ملائیشیا نوجوان آبادی سے مالا مال ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کیلئے مواقع فراہم کریں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے عظیم شاعر ومفکر علامہ محمد اقبال کا مشہور شعر بھی پڑھا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، والہانہ استقبال پر ملائیشین صدر داتو سری اور وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کی حامل شخصیت ہیں، ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انورابراہیم کا اہم کردار ہے، آپ کے تجربات سے استفادہ کے لئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انورابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی، دوطرفہ تعلقات میں اضافے اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی، اس دورے سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ فلسطین، غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں، پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی کتاب ’سکرپٹ‘ کی تعریف کی اور کہا کہ یہ کتاب اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان پل کا کردارادا کرے گی، قومیں محنت سے ہی ترقی پاتی ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی فرمائش پر علامہ اقبالؒ کے اشعار بھی پڑھے۔
خطے میں استحکام کیلئے پاک بھارت امن اہم ہے: ملائیشین وزیراعظم
قبل ازیں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ 1957 سے برادرانہ تعلقات ہیں، وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے خطے میں امن وامان سے متعلق صورتحال پر سیر حاصل گفتگو ہوئی، فلسطین کی سنگین صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی، خطے سمیت عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کی امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔
انور ابراہیم نے کہا کہ ہمارے خطے میں استحکام کیلئے پاک بھارت امن اہم ہے، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
قبل ازیں ملائیشیا کے وزیراعظم کی کتاب ’’سکرپٹ‘‘ کے اردو ترجمے کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔













