پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال کلب النصر کو چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔
40 سالہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز اپنے کلب النصر کے سیزن کے آخری میچ کے چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ جاری کی جس کے بعد ان کے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
النصر نے سعودی پرو لیگ میں اپنے سیزن کا اختتام الفتح کے ہاتھوں 3-2 کی شکست کے ساتھ کیا اور لیگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
رونالڈو کی شمولیت سے النصر کلب کوئی بھی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا اور مایوس کن طور پر نہ تو فیفا کلب ورلڈ کپ اور نہ ہی ایشین چیمپئنز لیگ میں جگہ بنا سکا۔
الفتح کے ہاتھوں شکست کے بعد رونالڈو نے النصر کلب کی جرسی پہنے ایکس پر اپنی تصویر اپ لوڈ کی اور ساتھ لکھا کہ ‘یہ باب ختم ہو چکا ہے پر کہانی؟ ابھی لکھی جا رہی ہے، سب کا شکر گزار ہوں’۔












