فیفا ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچز میں بیلجیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی جبکہ انگلینڈ دوسرے نمبر پر ہے، ایک اور میچ میں تیونس نے پاناما کو دو، ایک سے ہرادیا۔

ناک آؤٹ مرحلے میں 2 جولائی کو بیلجیم کا مقابلہ جاپان سے ہوگا جبکہ 3 جولائی کو انگلینڈ کی ٹیم کولمبیا کے مدمقابل ہوگی۔

گروپ ’جی‘ میں بیلجیم اور انگلینڈ کے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابررہا۔میچ کا واحد گول 51ویں منٹ میں بیلجیم کے مڈفیلڈر عدنان جانوزج نے کیا، جو بیلجیم کے طرف سے اُن کا پہلا گول ہے۔

اسی گروپ کے ایک اور میچ میں تیونس نے پاناما کو دو، ایک سے شکست دے دی، تاہم اس میچ کے نتیجے کا ناک آؤٹ مرحلے پر کوئی فرق نہیں پڑا کیونکہ یہ دونوں ٹیمیں گروپ میچز میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھیں۔

میچ کا پہلا گول 33 ویں منٹ میں اُس وقت ہوا جب تیونس کے دفاعی کھلاڑی یاسین میریہ نے بال خود اپنے گول میں پھینک دی۔

51ویں منٹ میں تیونس کے مڈفیلڈر فخری دین بن یوسف نے گول کرکے میچ ایک، ایک گول سے برابر کردیا، 66 ویں منٹ میں تیونس کے وہابی خضری نے فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو دو، ایک سے فتح دلادی۔

SHARE

LEAVE A REPLY