عام انتخابات 2024ء کیلئے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا مقررہ وقت رات 11.30بجے تک بڑھا دیا گیا تھا جو اب ختم ہو گیا۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ وقت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بلے کے نشان سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ پی ٹی آئی کو بلے کا نشان الاٹ کرے تاہم ای سی پی نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔
عام انتخابات 2024ء کیلئے سیاسی جماعتوں و امیدواروں کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کا آج (ہفتہ 13 جنوری) کو آخری روز تھا، شام 7 بجے انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کا وقت ختم ہوگیا۔
مزید تفصیلات جانیے : انتخابی نشان کیس: دلائل مکمل ہونے پر آج ہی فیصلہ کردینگے، چیف جسٹس
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انتخابی نشان الاٹ کرنے کے وقت میں مزید توسیع نہیں ہوگی، امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا وقت ختم ہوگیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے بعد آر او دفاتر میں ترسیل کے دوران سیکیورٹی سے متلعق خبروں پر کہا ہے کہ بیلٹ پیپرز بحفاظت پہنچانے کی ذمہ داری ڈی آر اوز یا ان کے نامزد اہلکاروں کی ہوتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آر اوز اپنی نگرانی اور پولیس کی حفاظت میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل یقینی بناتے ہیں، بعض حساس جگہوں پر پاک فوج کے اہلکار بھی سیکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔













