سپریم کورٹ میں مبینہ جعلی اکاونٹس از خود نوٹس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کرپشن اگر ہوئی ہے تو سامنے آنی چاہیے،ابھی جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات ہونی ہے،ایف آئی اے آصف زرداری اور فریال تالپورکو الیکشن تک نہ بلائے۔
جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے آج مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے کوئی ایسا حکم جاری نہیں کیا جس سے کسی کو شہرت متاثر ہو، ہم اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرتے ہیں۔عدالتی حکم میں آصف زرداری،فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہاگیا۔
چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا کہ ذرا آرڈر پڑھیں کہ کن لوگوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم ہے۔ کیا آرڈر میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ملزمان کی فہرست میں ہے؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ملزمان کی فہرست میں شامل نہیں،
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ جن کے خلاف کرمنل کیس رجسٹرڈ ہیں ان کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا تھا۔
چیف جسٹس نے کہا پھر کیا آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے تھا؟ہم نے صرف یہ کہا ہے کہ ان لوگوں کے متعلق جعلی اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔
چیف جسٹس نے مزیدکہا کہ ہم بطور اعلیٰ عدلیہ ایف آئی اے کو کہیں گے کہ کسی سے تعصب نہ کرے اور آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک نہ بلائے۔وکلا صفائی کو عدالتی حکم سےمتعلق ابہام تھا تو عدالت سےرجوع کرلیتے۔
فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری کا ڈیڑھ ارب روپے سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم پر الزام ہے کہ ڈیڑھ ارب روپے زرداری گروپ کے اکاؤنٹ میں ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آئی جی سندھ کو ملزمان کو حاضر ہونے کا پابند کیا گیا تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ چاہتے تھےکہ ایف آئی اے جو تحقیقات کرے وہ شفاف ہو،کیس کوالیکشن کے بعد رکھ لیں گے تاکہ کسی کو اعتراض نہ ہو۔اگر عدالت نے انہیں بلایا تو انہیں آنا پڑے گا جس کے بعد چیف جسٹس نےمقدمے کی سماعت چھ اگست تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے سماعت کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کا زرداری کمپنی گروپ سے کوئی تعلق نہیں،چیف جسٹس جو بھی آرڈر کریں گے،منظور ہوگا،آج واضح ہو گیا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل پر نہیں۔













