حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمرقید کی سزا سنائے جانے پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے کی ٹائمنگ بتا رہی ہے کہ فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے، عین انتخابات سے چند روز قبل ہفتہ کی آدھی رات کو اس قدر عجلت میں فیصلہ سنانا ہی ساری کہانی بیان کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پہلے میاں نوازشریف، مریم نواز کو انتخابات سے قبل سزا سنائی گئی اور اب حنیف عباسی کو سزا سنا دی گئی ہے جبکہ میاں نوازشریف اور مریم نواز کی اپیلوں کو انتخابات کے بعد تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پاکستان کی عدالتوں میں ہزاروں کیس مکمل ثبوتوں کے ساتھ زیر التوا ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے مقدمات کے فیصلوں میں خاص تیزی دکھا ئی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حنیف عباسی کا فیصلہ انصاف کے اصولوں پر مبنی نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ مسلم لیگ کے تمام امیدواروں، کارکنوں اور ووٹروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے 25 جولائی کو باہر نکلیں اور شیر کےک نشان پر پر مہر لگائیں۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کی طاقت سے ان سب ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY