نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔ اظہر علی اور سمیع اسلم کے ساتھ تیسرے اوپنر کی پوزیشن پر ڈیڈ لاک پایا جاتا ہے۔

سلیکٹرز شرجیل خان کے ساتھ بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود کی کارکردگی کو بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 28 اور29 نومبرسے قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں رائونڈ میں شرجیل خان اور شان مسعود کی کارکردگی کو پرکھا جائے گا۔محمد حفیظ بڑی اننگز کھیل کر بھی اس ریس میں دوبارہ شامل ہوسکتے ہیں۔خراب فارم اور بولنگ نہ کرانے کی وجہ سے ان کا کیس کمزور ہوگیا ہے۔

قائد اعظم ٹرافی اور شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے تین روزہ میچ کو شامل کرکے شرجیل خان، محمد حفیظ اور شان مسعود کی کارکردگی تقریبا ایک جیسی ہے۔ شرجیل خان جو دو دن پہلے تک نیوزی لینڈ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم شان مسعود نے یوبی ایل کی جانب سے ڈائمنڈ گراونڈ بڑی اننگز کھیل کر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔

شان مسعود کے 93 رنز نے انہیں بھی سلیکشن کی دوڑ میں شامل کردیا ہے۔ پیر کو انضمام الحق نے ساتھی سلیکٹرز کے ساتھ ٹیلی فونک میٹنگ کی جس میں طے پایا کہ قائد اعظم ٹرافی کے ایک اور رائونڈ میں اوپنرز کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم پانچ مئی کو دبئی سے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی

SHARE

LEAVE A REPLY